کاروار :27؍اپریل (ایس اؤ نیوز ) 10مئی کو ہونےو الے اسمبلی انتخابات کےلئے اترکنڑا ضلع کے 6حلقوں سے اب 57امیدوار میدان میں ہیں، بتاتے چلیں کہ پرچہ نامزدگی واپس لینے کے آخری دن ضلع بھر سےپانچ امیدواروں نے اپنے نام واپس لئےہیں۔
پیچیدگی کا شکار ہوئےکمٹہ اسمبلی حلقہ سے بغاوت کا پرچم بلند کرنے والی کانگریس کی سابق رکن اسمبلی شاردا شٹی نے اپنا پرچہ واپس لیتےہوئے سیاست کو الوداع کہا ہے۔ جب کہ کاروار اور یلاپور میں پارٹی کے مصدقہ امیدواروں کے خلاف باغی امیدوار میدان میں موجود رہنے سے معاملہ پیچیدہ ہوگیا ہے۔
اترکنڑا ضلع کے 6اسمبلی حلقوں کے لئے کل 64امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کئےتھے ۔ ہلیال میں دوامیدواروں کے پرچے رد کئے گئے ۔ 23اپریل کو کاروار، سرسی ،یلاپور میں ایک ایک اور کمٹہ میں دو امیدواروں نے اپنے پرچہ نامزدگی واپس لئے ہیں۔ کاروار سے آزاد امیدوار دلیپ کوٹارکر، کمٹہ میں شاردا شٹی اور موہن پٹیل، یلاپور میں شٹپا بھوی وڈر اور سرسی میں وینکٹیش ہیگڈے ہوسبالے نے اپنے پرچے واپس لئے۔ کاروار میں آزاد امیدوار دلیپ کوٹارکر نے اپنا پرچہ واپس لیتے ہوئے کانگریس امیدوارکو حمایت دینے کا اعلان کیاہے۔ ضلع میں پہلی مرتبہ ضلع کے سبھی 6حلقوں سے عام آدمی پارٹی کےامیدوار انتخاب لڑرہے ہیں۔ قومی پارٹی کے طورپر تصدیق ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی نے نئے چہروں کو میدان میں اتارا ہے۔
کاروار۔ انکولہ حلقہ میں کانگریس کے ستیش سئیل ، بی جےپی کی روپالی نائک، جے ڈی ایس کی چندرہاس کوٹارکر ، بی جےپی کے باغی گنگادھر بھٹ سمیت آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہاہے۔ کمٹہ ۔ ہوناور حلقہ سے کانگریس کے نویدیت آلوا، بی جےپی کے دنیکر شٹی ، جے ڈی ایس کے سورج ایس نائک سمیت آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ بھٹکل ۔ ہوناور حلقہ سے کانگریس کے منکال وئیدیا ، بی جےپی کے سنیل نائک، جے ڈی ایس سے ناگیندرنائک اور آزادا میدوار میدان میں ہیں۔ سرسی ۔ سداپور حلقہ میں کانگریس کے بھیمنانائک ، بی جےپی کے وشویشورہیگڈے کاگیری ، جے ڈی ایس کے اوپیندر پائی اور آزاد امیدواروں کے درمیان انتخابی مقابلہ ہوگا۔ یلاپور ۔ منڈگوڈ حلقہ سے کانگریس کے وی ایس پاٹل ، بی جےپی کے شیورام ہیبار، جے ڈی ایس کے ہونیا نائک کے درمیان انتخابی جنگ ہوگی۔ ہلیال۔ جوئیڈا حلقہ میں کانگریس کے آر وی دیش پانڈے ، بی جےپی کے سنیل وی ہیگڈے اور جے ڈی ایس کے ایس ایل گھوٹنیکرانتخابی میدان میں قسمت آزما رہے ہیں۔